لندن(صبیح ذونیر) انگلینڈ کی گلیوں میں پراسرار طور پر کوئی چھلے ہوئے کیلے پلیٹوں میں چھوڑ کر جانے لگا جس نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے نوٹنگھم شائر کے ایک قصبے میں لوگ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سڑک کنارے پلیٹوں میں چھلے ہوئے کیلے کون چھوڑ کر غائب ہورہا ہے۔ برطانوی شہریوں کے مطابق تقریبا ہر ماہ ایسا دیکھنے کو ملتا ہے مگر کون یہ شرارت کرتا ہے آج تک معلوم نہ ہوسکا۔
بیسٹن میں، لوگوں نے دیکھا کہ ایک سال قبل ایبی روڈ اور وینسر ایونیو کے چوراہے پر ایک چرچ کے قریب گلی کے کونے پر چھلے ہوئے کیلوں سے بھری پلیٹیں نظر آنا شروع ہوئیں۔
ایک مقامی رہائشی کلیئر شارٹ نے اندازہ لگایا کہ کیلے کی پلیٹیں ہر ماہ کی دوسری تاریخ کو نظر آتی ہے۔ انہوں نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ایسا کر رہا ہے براہ کرم اسے روکیں، کیونکہ پرانی پلیٹیں اور سڑے ہوئے کیلے شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔
کلیئر شارٹ نے کہا کہ میں نے علاقے کے لوگوں سے پوچھا ہے لیکن کوئی نہیں جانتا کہ کیلے کون چھوڑ رہا ہے اور کیوں۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں ڈائنا سار کے زیر استعمال 166 ملین سال پرانا راستہ دریافت
علاقے کے کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کیلے جانوروں کے لیے چھوڑے جا سکتے ہیں، جبکہ دوسروں کا خیال ہے کہ یہ کسی مذہبی شخص کا کام ہوسکتا ہے کیونکہ وہ انہیں چرچ کے قریب رکھ کر چلا جاتا ہے۔