ہرارے ( روشن پاکستان نیوز): کرکٹ تیز ہو گئی ہے لیکن زمبابوے میں ہونے والے میچ میں شاید کرکٹ کو پر لگ گئے کہ ایک ٹیم نے 50 اوورز میں 882 رنز بنا ڈالے۔
جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے کرکٹ تیز سے تیز تر ہوتی جا رہی ہے، ٹی 20 فارمیٹ نے اس کی تیزی کو مزید جلا بخشی ہے اور وہی ون ڈے جس میں 250 اسکور میچ وننگ سمجھا جاتا تھا لیکن اب ٹیم 400 رنز بنا کر بھی ہار جاتی ہے۔
تاہم زمبابوے میں ہوا ایسا حیران کن میچ، جس میں کرکٹ کو ایسے پر لگے کہ رنز کی نئی بلندیاں چھو لی گئیں۔
یہ لسٹ اے میچ تھا جو اسکارپیئنز کرکٹ کلب اور میتھین لائنز کے درمیان کھیلا گیا۔ اسکارپیئنز کے کپتان پرائس مکازہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے بلے بازوں نے میدان میں رنز کا طوفان برپا کر دیا۔
ٹیم جب پورے پچاس اوور کھیل کر میدان سے باہر آئی تو اسکور بورڈ پر 4 وکٹوں پر ریکارڈ 822 رنز کا مجموعہ جگمگا رہا تھا۔
اسکارپیئنز کی جانب سے ایک ٹرپل سنچری، ایک ڈبل سنچری اور ایک سنچری بنائی گئی۔
تکونڈا میڈیمبو نے 143 گیندوں پر 302 رنز بنائے۔ وِنفیڈ مٹینڈے نے صرف 75 گیندوں پر 13 چھکوں کی مدد سے 203 رنز بنائے جب کہ گیبریل جایا نے بھی 49 گیندوں پر 22 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی باری کھیلی۔
جواب میں میتھین لائنز کی ٹیم صرف 28 رنز تک محدود رہی اور یوں اسکارپیئنز نے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت 794 رنز کے ساتھ اپنے نام کی۔
سب سے زیادہ رنز بنانے والی تسلیم شدہ لسٹ اے ٹیم اس وقت بہار کی ملکیت ہے۔ جس نے وجے ہزارے ٹرافی کے دوران رانچی میں اروناچل پردیش کے خلاف 574/6 بنائے تھے۔ ویبھو سوریاونشی نے میچ کے دوران 84 گیندوں پر 190 رنز بنائے تھے۔











