بیجنگ (روشن پاکستان نیوز) چین، جاپان، تھائی لینڈ، ویتنام اور فلپائن سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے چینی باشندے آج نئے قمری سال کا جشن منا رہے ہیں۔
چین کے قمری کلینڈر کے مطابق نئے سال کا آغاز 29 سے ہوتا ہے جس کی تقریبات 15 روز تک جاری رہیں گی۔ چین کے نئے قمری سال کا آغاز موسمِ سرما کے اختتام اور بہار کی آمد کے موقع پر ہوتا ہے۔
نئے قمری سال کے آغاز کی خوشی میں عزیز و اقارب کو مدعو کیا جاتا ہے اور مختلف تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
چینی روایات کے مطابق ہر نئے قمری سال کو کسی نہ کسی جانور یا پرندے سے منسوب کیا جاتا ہے اور اس بار نئے سال کو ”سانپ“ سے منسوب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چینی نئے قمری سال کو بہار کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، چینی قمری کیلنڈر کے پہلے مہینے کے پہلے دن آتا ہے اور یہ چین کا سب سے اہم تہوار ہے۔
چائنیز نیو سال کے موقع پر ہر گھر میں سرخ جوڑے چسپاں کیے جاتے ہیں، آتش بازی اور پٹاخے چلائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی بری روحوں سے بچنے کیلئے اپنے گھروں کو روشن اور صاف رکھا جاتا ہے۔
چین میں نئے سال کی ابتدائی صبح، لوگ عام طور پر رشتہ داروں اور دوستوں سے ملکر دعاؤں اور نیک خواہشات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ یہ رسم و رواج ہزاروں سالوں سے نسل در نسل منتقل ہوتے چلے آ رہے ہیں۔