کراچی (روشن پاکستان نیوز): پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے عید الاضحیٰ کے دوران صوبے میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 سے 31 مئی تک سندھ کے مختلف علاقوں میں درمیانے سے شدید نوعیت کی ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے
ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ نے بتایا کہ بالائی اور وسطی سندھ کے اضلاع سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں شدید گرمی پڑے گی جبکہ بدین، سجاول، ٹھٹھہ، حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ بھی اس گرمی کی لہر سے شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔
کراچی میں پھر تاجروں کو بھتے کی پرچیاں ملنے لگیں
الرٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جہاں پارہ 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے لیکن ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ عید کے پیشِ نظر عوام قربانی کے جانوروں کے لیے سائے اور پانی کا مناسب انتظام یقینی بنائیں۔
اس کے ساتھ ہی تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروائیں۔ سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کا عملہ ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔











