اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر میں بارشوں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ سولہ اپریل سے پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے زیرِ اثر سولہ سے انیس اپریل تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں اس دوران بارشوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے، جبکہ سترہ اور اٹھارہ اپریل کے دوران بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
چھ سے 9 اپریل تک ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری
اسلام آباد اور پنجاب میں سولہ سے اٹھارہ اپریل کے دوران موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سولہ سے انیس اپریل کے دوران ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، تیز بارشیں کمزور ڈھانچوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی خطرہ ہے۔











