اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد کی ملاقات ، بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں، بلال اظہر کیانی نے آسان ٹیکس سکیم لانے کے تاجروں کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی کرا دی۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری کی قیادت میں وفد نے ریٹیل اور ہول سیل کے لیے موزوں ریگولیٹری تجاویز کا جامع خاکہ پیش کیا
بجٹ سے قبل تاجروں سے مشاورت کی حکومتی کاوش کا مقصد مشترکہ اور باہمی تعاون پر مبنی طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔
وفد نے نظام کے اندر موجود رکاوٹوں کو دور کرنے، انتظامی معاملات کو آسان بنانے اور تاجر برادری کی طرف سے رضاکارانہ طور پر ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے سے متعلق سفارشات پیش کیں۔ وفد نے آئیندہ بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم لانے کا مطالبہ کیا۔ تاجروں نے اپنے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے مشاورت کے عمل کو سراہا اور اس ضمن میں خصوصی کاوشوں اور مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنے پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے پختہ عزم اور اقدامات کا اعادہ کرتے ہوئے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں اور روزگار کی فراہمی میں تجارتی شعبے کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آسان ٹیکس سکیم لانے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف تاجروں کے مطالبے پر غور کریں گے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے خیرمقدم کرتے ہوئے تاجروں کی پیش کردہ تمام تجاویز کا جائزہ لے کر اقدامات کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تاکہ ریونیو کے حصول اور تجارتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے سٹریٹجک تعاون کو فروغ مل سکے۔











