اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان کو گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے لیے ڈیزرٹ وائپرز نے کپتان مقرر کردیا ہے۔
شاداب خان نے آسٹریلوی آل راؤنڈر کرس گرین سے کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی جنہیں ابتدائی طور پر کپتان نامزد کیا گیا تھا لیکن انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے ہاتھ میں چوٹ لگنے کے بعد انہیں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔
گلوبل سپر لیگ 23 جولائی سے یکم اگست تک کھیلی جائے گی۔
ڈیزرٹ وائپرز نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے اس تقرری کی تصدیق کی اور لکھا کہ وائپرز کو زیادہ بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار! شاداب خان جی ایس ایل 2026 کے لیے ہمارے کپتان ہیں۔
قومی کرکٹرز کے بیرونِ ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم ہوگئے
علاوہ ازیں جنوبی افریقا کے ٹاپ آرڈر بلے باز ریلی روسو کو ٹورنامنٹ کے لیے گرین کے متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
وائپرز اسکواڈ میں بین الاقوامی ٹیلنٹ کا ایک مضبوط امتزاج ہے جس میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور یو ایس اے کے اینڈریس گوس نے بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کیا جبکہ آل راؤنڈرز کے شعبے میں شاداب، خزیمہ بن تنویر اور مچل شامل ہیں۔
لیگ اسپننگ آل راؤنڈر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کے طور پر بھی کافی کامیابی حاصل کی ہے اور ان کی قیادت میں پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن نے یونائیٹڈ نے ٹائٹل جیتا تھا، انہوں نے بطور کپتان 69 میچوں میں 40 فتوحات ریکارڈ کیں جس سے ان کی جیت کا تناسب 57.97 ہے۔
گلوبل سپر لیگ کے 2026 کے ایڈیشن میں 11 میچوں میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی تمام میچز گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔











