بدھ,  14 اکتوبر 2026ء
پاکستانیوں کے لیے خلیجی ملک میں ویزا فری انٹری، بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان سفارتی، خصوصی سروس اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عمان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا، جس میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ سفارتی، خصوصی سروس اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خبروں اور معلومات کے تبادلے، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ریکارڈ و آرکائیوز اور میڈیا تعاون کے شعبوں میں بھی معاہدے ہوں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تیل و گیس، محنت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں گے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو باقاعدہ بنایا اور وزارتی کمیشن کے فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی اقتصادی اور آزاد تجارتی زونز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ پاکستان اور عمان کے کاروباری طبقوں کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق فورم جلد پاکستان میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب سے محفوظ اور آزادانہ جہازرانی علاقائی اور عالمی غذائی و توانائی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سعودی ائیرپورٹس پر حملوں کے باعث فلائٹ آپریشن محدود، پاکستانی پروازیں کم ترین سطح پر آگئیں

انہوں نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے، شہید ہونے والوں میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے جبکہ پانچ پاکستانی زخمی ہوئے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ خلیج کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور تحمل، کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے پرعزم ہے، غیرقانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع اور القدس الشریف کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش ہے، غزہ کے عوام تک بلارکاوٹ انسانی امداد کی فوری فراہمی ضروری ہے، جبکہ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کرتا ہے۔

مزید خبریں