اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔
یاد رہے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر دائر توہین عدالت کی درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
اب پی ٹی آئی نے اعتراض دور کر کے دوبارہ درخواست دائر کردی ہے،قبل ازیں سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عظمیٰ خان کی توہینِ عدالت کی درخواست اعتراض عائد کرتے ہوئے واپس کر دی تھی۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ: جنہوں نے بھی توہین عدالت کی انہیں سزا دی جائے: بیرسٹر گوہر
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ سے سہولت سینٹر میں ملاقات ہوئی،رجسٹرار آفس نے ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا،اعتراض ہےکہ توہین کےمرتکب افراد کوالزامات کی لسٹ نہیں بھیجی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے درخواست کو جلد سماعت کیلئے رجوع کیا،ہماری توہین عدالت کی درخواست واپس کی جا رہی ہے،ہم توہین عدالت درخواست کوآج ہی دوبارہ دائرکریں گے۔











