جمعرات,  20  اگست 2026ء
سابق وزیراعظم عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات مکمل، ذرائع

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت علاج کیلیے آج اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات جاری ہے جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کی اسپتال منتقلی پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع نے مزید تایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا معاملہ پر وفاقی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا، اسپتال کے ایک حصے کو سب جیل قرار دیا جائے گا، مشاورت مکمل ہوتے ہی اس حوالے سے نوٹیفکیشن چیف کمشنر جاری کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان کی اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، آئی جی اسلام آباد سمیت پولیس کی اعلیٰ قیادت شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچ گئی، پولیس کے سینئر افسران آئی جی اسلام آباد کو سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ  دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے عمران خان کو علاج کیلیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم سابق وزیر اعظم اب تک اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔

عدالتی احکامات

سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو طبی بنیادوں پر نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے قانونی ٹیم اور فیملی کی جانب سے مسلسل خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے بیرونِ ملک علاج سے متعلق حکومت کا بڑا اعلان

عدالت نے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ حکم نامے کے مطابق ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو ان کے ہمراہ رہنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اہلخانہ کو ہفتے میں ایک بار ملاقات کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت کو آئندہ ماہ کی 16 تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں اس دوران اسپتال ہی میں زیر علاج رکھنے کا حکم دیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے نجی اسپتال میں منتقلی کے اخراجات اور میڈیکل رپورٹس کی رازداری سے متعلق اہم سوالات اٹھائے۔ وکیل صفائی نے یقین دہانی کروائی کہ تمام اخراجات فیملی خود برداشت کرے گی جبکہ سلمان اکرم راجا نے عدالت کو یہ گارنٹی دی کہ طبی رپورٹس کو ہرگز سیاسی مقاصد کیلیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں