اتوار,  12 جولائی 2026ء
مذہبی تصویر کشی کیس: پیمرا نے جیو نیوز کی معطلی برقرار رکھتے ہوئے ایک کروڑ روپے جرمانہ برقرار رکھا
مذہبی تصویر کشی کیس: پیمرا نے جیو نیوز کی معطلی برقرار رکھتے ہوئے ایک کروڑ روپے جرمانہ برقرار رکھا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کے پروگرام “سفر عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس میں 27 جون 2026 کو جاری کیے گئے چینل کی 15 روزہ معطلی کے حکم کو درست قرار دیتے ہوئے ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

پیمرا کے مطابق یہ فیصلہ اتھارٹی کے 11 جولائی کو منعقد ہونے والے 191ویں اجلاس میں کیا گیا، جہاں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کا مکمل ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف، پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اس معاملے پر 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا۔ جیو نیوز کے نمائندگان کا مؤقف سننے، دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد اپنی سفارشات اتھارٹی کو ارسال کیں۔

جیو نیوز کے مبینہ متنازع مواد پر شکایت، پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا

پیمرا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مکمل اور مناسب موقع فراہم کیا گیا، تاہم اتھارٹی نے قرار دیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے، جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اگرچہ جیو نیوز نے غفلت کا اعتراف کیا، اظہارِ ندامت کیا اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت بھی کی، تاہم ان عوامل کو صرف تخفیفی بنیادوں پر مدنظر رکھا گیا ہے اور یہ خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔

پیمرا نے واضح کیا کہ جیو نیوز کی نشریات 15 روزہ معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔ اتھارٹی نے چینل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔

فیصلے کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز میڈیا ادارے سے براہِ راست یا بالواسطہ کسی بھی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے۔

پیمرا نے جیو نیوز کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی کسی بھی غفلت کی صورت میں چینل کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

اتھارٹی نے جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر جانبدار اور باصلاحیت اراکین پر مشتمل ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں، پیمرا کو اس کی تفصیلات فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ کو یقینی بنائیں۔

پیمرا نے مزید کہا ہے کہ تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ بھی جاری کیا جائے گا۔ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں