اسلام آباد: 9 محرم الحرام کا خصوصی ٹریفک پلان جاری، متعدد شاہراہیں بند، متبادل راستے متعین

اسلام آباد(سعد عباسی) وفاقی دارالحکومت میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صبح 7 بجے سے جلوس کے اختتام تک مختلف مقامات پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر 1:00 بجے امام بارگاہ اثناء عشری G-6/2 سے برآمد ہوگا۔ جلوس روایتی راستوں بشمول G-6 سروس روڈ، صدر روڈ، گلی نمبر 33، گلی نمبر 40، میونسپل روڈ، میلوڈی چوک، شہداء چوک، تھانہ آبپارہ، پولی کلینک اور لقمان حکیم روڈ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ G-6/2 پر اختتام پذیر ہوگا

فضل حق روڈ: کلثوم پلازہ چوک سے چائنہ چوک تک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔سہروردی روڈ: سیونتھ ایونیو دامن کوہ چوک سے بجانب چاند تارہ چوک، اور بلیو ایریا آؤٹ لوپ سے سیونتھ ایونیو چوک تک دونوں اطراف مکمل بند رہے گی۔صدر روڈ: اقبال ہال سے میلوڈی چوک تک دونوں اطراف ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا۔میونسپل روڈ: لال مسجد سے شہداء چوک (جی پی او چوک) تک دونوں اطراف سے بند رہے گی۔لقمان حکیم روڈ: پولی کلینک سے اقبال ہال تک مکمل طور پر بند رہے گی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ذہنی کوفت سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے

فضل حق روڈ کے متبادل کے طور پر جناح ایونیو استعمال کریں۔سہروردی روڈ کی بندش کے باعث جناح ایونیو، سہروردی روڈ (کھلے مقامات) اور مارگلہ روڈ کا انتخاب کریں۔صدر روڈ کے متبادل کے لیے آبپارہ سہروردی روڈ استعمال کی جا سکتی ہے۔میونسپل روڈ کے متبادل کے طور پر شہید ملت روڈ کا استعمال کریں۔لقمان حکیم روڈ کے بند ہونے پر شہری جناح ایونیو سے سفر کریں۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے دورانِ جلوس متبادل راستوں کو ترجیح دیں۔ مزید برآں، جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز میں ہی پارک کریں۔

مزید خبریں