راولپنڈی: مجلس وحدت المسلمین کی محرم الحرام کے حوالے سے پریس کانفرنس، 14 نکاتی ضابطۂ عزاداری کا اعلان

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے زیر اہتمام محرم الحرام کے انتظامات اور قومی و بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید آغا حسین مقدسی نے 14 نکاتی ضابطۂ عزاداری کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف داخلی و خارجی مسائل اور بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق برادر اسلامی ملک ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغانستان میں برسرِ اقتدار حکومت پاکستان کے احسانات فراموش کرکے بھارت کی پراکسی میں تبدیل ہو چکی ہے، جبکہ ریاست جموں و کشمیر میں انتشار پیدا کرکے تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

علامہ مقدسی نے ایران اور لبنان کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ خوش آئند ہے اور پاکستان کی قائدانہ صلاحیتیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ کئی دہائیوں سے مسلم ممالک کے اتحاد اور پاکستان کی قیادت کے حوالے سے آواز بلند کرتے آ رہے ہیں۔

انہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کے آپریشنز کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ ملک بھر میں ماتمی جلوس جونیجو معاہدے کے تحت برآمد ہوں گے۔ مجلس وحدت المسلمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلوسہائے عزاداری کی عزت و حرمت کے ساتھ برآمدگی کو یقینی بنایا جائے اور وفاقی وزارت داخلہ پانچوں صوبوں میں محرم کنٹرول رومز قائم کرے۔

علامہ آغا حسین مقدسی نے کہا کہ محرم الحرام کو خوف و ہراس کی فضا کے طور پر پیش کرنے کی روش ترک کی جائے اور سیکیورٹی کے نام پر عزاداری کے پروگراموں کو محدود کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے غیر آئینی پابندیوں اور غیر ضروری ایس او پیز کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ انسداد دہشت گردی اور امن و امان کے قیام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، حساس مقامات پر مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں اور عزاداری کے مقامات پر آنے والوں کی مکمل تلاشی کو یقینی بنایا جائے۔

علامہ مقدسی نے علمائے کرام، خطباء اور ذاکرین سے اپیل کی کہ وہ مثبت انداز میں پیغامِ حسینیت کو عام کریں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر پر زور دیا کہ ایک دوسرے کے عقائد اور نظریات کا احترام کریں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔

انہوں نے میڈیا اور ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا کہ وہ شہدائے کربلا کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں۔ اس کے علاوہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں روشنی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ دورانِ مجلس و جلوس بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے اجتناب کیا جائے۔

مجلس وحدت المسلمین نے سیاسی جماعتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ عشرۂ محرم کے دوران اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں۔ مزید برآں حکومت سے کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں