اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکی تعاون سے ’یو ایس۔ پاک نالج کوریڈور پی ایچ ڈی اسکالر شپ پروگرام‘ کے تحت جی آر ای جنرل ٹریننگ کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
پروگرام کا مقصد پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے باصلاحیت طلبہ کو امریکا کی اعلیٰ جامعات میں پی ایچ ڈی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق تربیتی پروگرام اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔ درخواست دہندگان کے لیے کم از کم 16 سالہ تعلیم اور مضبوط تعلیمی ریکارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری و پبلک سیکٹر فیکلٹی کے امیدواروں کے لیے عمر کی حد 40 سال جبکہ دیگر امیدواروں کے لیے 35سال مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایچ ای سی۔ جی آر ای ٹریننگ حاصل کرنے والے امیدوار اگر ای ٹی ایس امتحان میں 3سو سے زائد اسکور حاصل کریں تو انہیں فیس ری ایمبرسمنٹ کی سہولت بھی دی جائے گی، جبکہ ایسے امیدوار امریکا کی اعلیٰ درجہ بندی رکھنے والی جامعات میں اسکالر شپ کے لیے بھی زیر غور آئیں گے۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، مزید معلومات اور آن لائن درخواست کے لیے امیدوار ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور فراہم کردہ لنک سے رجوع کرسکتے ہیں۔











