اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 7 کارروائیوں میں 7 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 2 افغان باشندوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 137.85 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 1.150 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 81.6 کلوگرام چرس، 12 کلوگرام آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس کارروائی میں دو افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔

راولپنڈی میں ایک پٹرول پمپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے 13.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ کچلاک بائی پاس بالیلی کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 11.050 کلوگرام ہیروئن، دو پستول، پانچ میگزین اور 70 گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

سکھر میں بس ٹرمینل کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع ایک کوریئر آفس میں دو پارسلوں سے 345 گرام وزنی 600 ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں