لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے جولائی تک 27 شہروں میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ان سہولت بازاروں میں شہریوں کو سبزیاں اور پھل اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد جبکہ ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد تک کم قیمت پر فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ شہریوں کو 5 کلومیٹر کے دائرے میں مفت ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 “سہولت آن دی گو” بازار بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ان کے علاقوں کے قریب اشیائے ضروریہ سستے داموں میسر آ سکیں۔
یہ نئے سہولت بازار بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفرگڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم کی تحصیلوں میں قائم کیے جائیں گے، جبکہ خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔
مزید برآں لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں “سہولت آن دی گو” بازار قائم کیے جائیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا ہے۔











