جمعرات,  30 اپریل 2026ء
ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کا امن، ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے زیر اہتمام 29 اپریل 2026 کو شالیمار گرینڈ ہوٹل میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد پاکستان میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ملک اظہر نعیم (وائس پریزیڈنٹ چکلالہ کینٹونمنٹ بورڈ، راولپنڈی) تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر طلعت شبیر (ڈائریکٹر چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر اسلام آباد)، کرنل (ر) سردار طاہر یونس (سابق مشیر صدر آزاد جموں و کشمیر و سابق چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد)، محمد اقبال (ڈائریکٹر مائننگ اینڈ ایگریکلچر اسلام آباد) سمیت دیگر معزز شخصیات اور جرگہ اراکین نے شرکت کی۔

پاکستان نے شعبہ صحت کا ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورلڈ پیس جرگہ کی قیادت نے روایتی جرگہ نظام کے ذریعے مکالمے، مشاورت اور تنازعات کے پرامن حل کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔ مقررین نے کہا کہ جرگہ نظام ہمیشہ سے معاشرتی ہم آہنگی اور اجتماعی دانش کے ذریعے مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ رہا ہے۔

چیئرمین عالمی امن جرگہ خان بابا اور چیئرپرسن ویمن پیس جرگہ پروگرام خان بی بی نے تنظیم کے آئندہ اقدامات کا اعلان کیا جن میں قومی و بین الاقوامی سطح پر کمیٹیوں کا قیام اور امن و کاروبار سے متعلق سیمینارز کا انعقاد شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کا داعی ہے اور مذاکرات و سفارتکاری کے فروغ کا رجحان جرگہ فلسفے سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔

ورلڈ پیس جرگہ پروگرام نے اپنے آئندہ بین الاقوامی دوروں کا بھی اعلان کیا جن کے تحت جون، جولائی اور اگست میں مختلف ممالک میں وفود روانہ کیے جائیں گے۔ ان دوروں کا مقصد زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات، سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کا حصول ہے۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پروگرام اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان میں امن، انسانی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دے گا۔

تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر امن، مکالمے، تعاون اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں