بدھ,  23 اکتوبر 2024ء
امید کرتی ہوں ایک نئے سیاسی طریقے کا آغاز جلد ہم دیکھیں گے، آصفہ بھٹو

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ امید کرتی ہوں ایک نئے سیاسی طریقے کا آغاز جلد ہم دیکھیں گے، ہمیں پاکستان اورقوم کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس پر اظہار خیال کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے اپنے حلقے کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دوست نہیں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کی ترجیحات میں کسان اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے تھا، کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں، ہمیں عام آدمی کے ریلیف کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں کسان کو مضبوط کرنا ہوگا، کسان کو کبھی سیلاب، گندم درآمد کرنے کا مسئلہ ہے، ہمیں غریب سے غریب شہری کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، ہمیں پاکستان اورقوم کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ جب صدر پاکستان اتحاد کی بات کرتے ہیں تو وہ وقت کی ضرورت ہے، کسی بھی مسئلے کا حل الزام تراشی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس گرمی میں سندھ میں بجلی نہیں ہے، اس قیامت خیز گرمی میں 15 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ عذاب ہے۔

آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں کسان کو مضبوط کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتی ہوں ایک نئے سیاسی طریقے کا آغاز جلد ہم دیکھیں گے۔

مزید خبریں