پیر,  28  ستمبر 2026ء
عالمی حلقۂ فکروفن کے زیراہتمام معروف شاعر سید طیب رضا کاظمی کے شعری مجموعے “دائرے میں تکون” کی تقریبِ رونمائی

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں اردو ادب کے فروغ کے لیے سرگرم ادبی تنظیم عالمی حلقۂ فکروفن کے زیراہتمام معروف شاعر سید طیب رضا کاظمی کے نئے شعری مجموعے “دائرے میں تکون” کی شاندار تقریبِ رونمائی ریاض میں منعقد ہوئی، جس میں شعراء، ادباء، محققین اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے معروف سِپ اینڈ پَف کیفے میں سجنے والی اس خوبصورت ادبی شام میں شعر و ادب کے رنگ نمایاں رہے اور حاضرین نے طیب رضا کے تازہ شعری مجموعہ کو اردو ادب میں خوشگوار اضافہ قرار دیا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض وقار نسیم وامق نے بخوبی سرانجام دئیے، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت توصیف احمد نے حاصل کی جبکہ قلبِ عباس نے عقیدت سے بھرپور نعتِ رسول ﷺ پیش کی جسے حاضرین نے نہایت توجہ سے سنا۔

سید طیب رضا کاظمی کے اعزاز میں استقبالیہ کلمات اور ان کا تعارف چوہدری سجاد علی نے پیش کیا، انہوں نے اپنے کلمات میں طیب رضا کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کی صدارت پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض کے پرنسپل پروفیسر انوارالحق نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید طیب رضا کاظمی کا کلام فکری گہرائی اور عصری احساس کا حسین امتزاج ہے۔ ان کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شاعر و ادیب اردو زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اس ضمن میں عالمی حلقہء فکر و فن کا کردار لائقِ تحسین ہے۔

عالمی حلقۂ فکروفن کے صدر وقار نسیم وامق نے کہا کہ “دائرے میں تکون” اردو شاعری کے نئے زاویوں کو سامنے لاتی ہے اور تنظیم مستقبل میں بھی ایسے ادبی پروگرام جاری رکھے گی۔

تقریب میں مضمون نگاروں پروفیسر ساجد محمود، رانا عمر فاروق، احسن عباسی اور خالد رانا نے کتاب پر اپنے تحقیقی و تنقیدی مضامین پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

نوجوان فنکار تمیور نواز نے سید طیب رضا کا کلام فنکارانہ ترنم میں پیش کرکے محفل کو ایک نیا جمالیاتی رنگ عطا کیا، جس پر شرکاء نے بھرپور داد دی۔

شعراء قلبِ عباس اور ضواق ذکی نے منظوم خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ جدہ سے صدر حلقہء فکروفن نامور شاعر آفتاب ترابی کا منظوم کلام بھی پیش کیا گیا، جس سے محفل کا ادبی حسن مزید دوبالا ہوگیا۔

سید طیب رضا کاظمی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ “دائرے میں تکون” ان کے فکری سفر کا ثمر ہے اور ریاض میں اہلِ ادب کی پذیرائی ان کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔ انہوں نے عالمی حلقۂ فکروفن کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے ہمیشہ تخلیقی اظہار کو فروغ دیا ہے۔

عالمی حلقہء فکروفن کے سنیئر نائب صدر اور بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن نے طیب رضا کو مبارکباد دیتے ہوئے اجرک کا روایتی تحفہ پیش کیا، جبکہ مینجر ائیر سیال ظفر مختار نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے میزبان نامور پاکستانی شخصیت فریاد چوہدری، چوہدری آفتاب احمد اور حلقہء فکروفن کے وائس چیئرمین عدنان بٹ نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادبی محافل نہ صرف اردو ادب کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ کمیونٹی کو جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید خبریں