جمعه,  25  ستمبر 2026ء
ایڈیشنل ایڈووکیٹ پنجاب اعجاز احمد کے اعزاز میں استقبالیہ

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان سے تشریف لانے والے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اعجاز احمد کے اعزاز میں معروف سماجی شخصیت علی مبین چوہدری کی جانب سے ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں سماجی، سیاسی اور صحافتی حلقوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پاک سعودی تعلقات، خطے میں امن و استحکام، پاکستانی کمیونٹی کے کردار اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا گیا۔

تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی امن کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں استحکام، باہمی احترام اور سفارتی تعاون کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ اہم دفاعی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد، مشترکہ سلامتی کے عزم اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔

اعجاز احمد نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات کو عوامی سطح پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان محبت، اعتماد اور احترام کا رشتہ ہمیشہ سے قائم ہے اور وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

پییپلز پارٹی ریاض ریجن کے سینئر نائب صدر وسیم ساجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سعودی عرب کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت اور عوام ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

تقریب سے پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تاریخی رشتوں پر قائم ہیں جبکہ میڈیا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

صدر پاک میڈیا فورم وقار نسیم وامق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا کردار پاک سعودی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں نہایت اہم ہے اور پاک میڈیا فورم ہمیشہ مثبت بیانیے، ذمہ دارانہ صحافت اور کمیونٹی کی حقیقی نمائندگی کو فروغ دیتا رہے گا۔ وقار نسیم وامق نے تقریب میں اشعار بھی پیش کیے جنہیں شرکاء نے بے حد پسند کیا۔

تقریب کے میزبان علی مبین چوہدری نے کہا کہ پاکستان سے آنے والے معزز مہمانوں کی میزبانی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سعودی عرب میں ایک مضبوط اور باوقار شناخت رکھتی ہے اور کمیونٹی کے باہمی اتحاد سے پاکستان کا مثبت تشخص مزید ابھر کر سامنے آتا ہے۔

تقریب سے یوسف خالد, افتخار احمد اور دیگر مقررین نے بھی اظہارِ خیال کیا اور معزز مہمان اعجاز احمد کو سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی مضبوطی، خطے میں امن و استحکام اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔ معزز مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ بھی دیا گیا۔

مزید خبریں