جمعرات,  13  اگست 2026ء
سعودی عرب میں مقیم دو اوورسیز پاکستانیوں کو تمغہء امتیاز سے نواز دیا گیا

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مقیم دو اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے سول ایوارڈ تمغۂ امتیاز سے نواز دیا گیا، سفارت خانہ پاکستان ریاض میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے صدرِ پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والے دو پاکستانیوں کو اعزازات پیش کئے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے سابق صدر ڈاکٹر اسد اللہ رومی اور پاکستان حج رضا کار گروپ کے کنوینئر ابرار تنولی کو پاکستانی کمیونٹی، صحت اور حجاجِ کرام کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے دونوں شخصیات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی پیشہ ورانہ اور سماجی خدمات کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں، اس موقعہ پر ڈاکٹر اسد اللہ رومی اور ابرار تنولی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی عرب میں مقیم 28 لاکھ پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے دونوں اعزاز یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ اعزاز نہ صرف باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے بلکہ بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے والی خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

مزید خبریں