بزمِ شاہین کے زیرِ اہتمام فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

ریاض (وقار نسیم وامق) بزمِ شاہین کے زیرِ اہتمام فیفا ورلڈ کپ میں سعودی قومی فٹ بال ٹیم کی حمایت اور نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک شاندار فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد ہوا، جس میں 6 سے 18 سال تک کے بچوں اور نوجوانوں پر مشتمل 18 ٹیموں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے نہ صرف فٹ بال سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا بلکہ سعودی قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں اور مکمل حمایت کا پیغام بھی دیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی سید ثاقب زبیر جبکہ مہمانِ اعزازی معروف شاعر اور صحافی وقار نسیم وامق تھے۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز سید ثاقب زبیر، محمد ابراہیم جٹ، اسامہ فاروقی اور سید محمود نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینا، ان کی جسمانی فٹنس اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور انہیں مثبت سماجی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوان نسل کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور ایسے پروگرام بچوں میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور باہمی تعاون جیسے اوصاف پیدا کرتے ہیں۔

مہمانِ خصوصی سید ثاقب زبیر نے کہا کہ بزمِ شاہین ہمیشہ نوجوانوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرگرم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ ٹورنامنٹ اسی سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے۔

مہمانِ اعزازی وقار نسیم وامق نے اپنے تاثرات میں کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں اور انہیں کھیلوں کی طرف راغب کرنا دراصل ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھنا ہے۔

صدر یوتھ فورم محمد ابراہیم جٹ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں اعتماد، برداشت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک جیسی اعلیٰ صفات بھی پیدا کرتے ہیں۔ بزمِ شاہین کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے اور ایسے اقدامات مستقبل کے روشن امکانات کی ضمانت ہیں۔

بزمِ شاہین کے صدر سید محمود نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ نے بچوں اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی بھرپور شرکت اور حوصلہ افزائی اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کی شدید ضرورت موجود ہے۔

شرکاء اور والدین نے بزمِ شاہین کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رہیں گی تاکہ نوجوانوں کو مثبت تفریح اور اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے مواقع میسر آتے رہیں۔

مزید خبریں