وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ترجمانوں کو جیل سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں، یورپی یونین کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کا کہا جارہا ہے، سازش کی جارہی ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس لیا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر دو ہفتے کی پابندی کے بارے میں کہا ہے کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدی کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے۔ یہ کئی سو ملاقاتیں کر چکے ۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں شاہانہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جیل مینوئل کے علاوہ مزید سہولیات کے لیے آپ عدالتوں سے رجوع کریں، جیل میں جو سہولیات آپ کو مل رہی ہیں وہ کسی قیدی کو میسر نہیں۔ ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور اڈیالہ جیلوں کا آڈٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک کچن، ایک اضافی کمرہ اورچلنے کے لیے ایک گیلری دی ، انہیں جیل میں ورزش کا سامان دیا گیا جو ہر کسی کو میسر نہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ کچھ سیاسی عناصر معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان کی کوشش تھی کہ آئی ایم ایف سے پاکستان اور ملک کو دیوالیہ ہونے کا معاہدہ کرنے سے روکا جائے، لیکن شہباز شریف کے اقدامات سے ایسا نہیں ہوا۔ قومی مفاد کا تحفظ ہماری پہلی ذمہ داری ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو قومی مفاد نظر نہیں آتا اور نہ ہی اسے معیشت کی بحالی کی پرواہ ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم معیشت پر روزانہ تین سے چار اجلاس کرتے ہیں، شہباز شریف مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ملکی معیشت کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔