پیر,  13 مئی 2024ء
بصارت سے محروم صارفین کے لیے گوگل کی جانب سے اچھی خبر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مقبول سروس میپس میں ایک دلچسپ فیچر شامل کیا ہے جس سے بصارت سے محروم صارفین بھی مستفید ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گوگل میپس میں حالیہ مہینوں میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس فیچرز پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ایسے ہی ایک اور نئے AI فیچر کو گوگل میپس کا حصہ بنایا جا رہا ہے، اسکرین ریڈر نامی فیچر پہلی بار 2023 میں گوگل میپس میں متعارف کرایا گیا تھا۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین فون کے کیمرہ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو اسکین کر سکتے ہیں۔

اب آڈیو سپورٹ کو شامل کرنے کے لیے اس فیچر کو بہتر کرتے ہوئے یہ نیا فیچر ان لوگوں کے لیے کارآمد ہو گا جو بصارت سے محروم ہیں یا کسی نامعلوم جگہ پر ہیں جہاں کی زبان ان کے لیے ناواقف ہے۔

کمپنی کے مطابق جب آپ فون کے کیمرہ کو کسی مخصوص جگہ یا دکان کی طرف اشارہ کرتے ہیں تو گوگل میپس آپ کو آڈیو کے ذریعے متعلقہ تفصیلات بتائے گا۔

اس کے لیے گوگل میپس کے سرچ بار میں کیمرے کے آئیکون پر کلک کرکے اردگرد کو اسکین کریں۔

ایسا کرنے سے پہلے ٹاک بیک اسکرین ریڈر فیچر کو فعال کرنا ضروری ہے جو اسمارٹ فون کی سیٹنگز یعنی ایکسیسبیلٹی مینو میں موجود ہے۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرایا جانا شروع ہو گیا ہے اور بہت جلد تمام صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News