نشہ کرنے والی لڑکی کو خداترس پاکستانی نے سڑک سے اٹھا کر بیٹی بنالیا

پشاور(روشن پاکستان نیوز)پشاور کی ایک نوجوان لڑکی جو پچھلے سات سال سے نشے کی لت میں مبتلا تھی، ایک خدا ترس پاکستانی نے نہ صرف اس کا علاج کرایا بلکہ اس کی شادی کروا کر اس کو گھر اور نوکری بھی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق خداترس پاکستانی اپناایک فلاحٰی ادارہ چلاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ لڑکی حیات آباد پل کے نیچے پڑی ہوئی تھی اور اس پل کے نیچے اس لڑکی نے تقریبا سات سے آٹھ سال گزارے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس لڑکی نے بہت برے دن دیکھے ہیں،30نومبر سے پہلے اس کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی اور مختلف قسم کے لوگ وہاں پر گئے تھے تاکہ اس کو اٹھا کر لے جائیں اور اس کا علاج وغیرہ کروائیں لیکن یہ لڑکی کسی کے ساتھ جانے کے لیے اور علاج کروانے کے لیے تیار نہیں تھی۔

انہوں نے کہاکہ جب ہم گئے پہلے میں نے اس کوتسلی دی کہ آپ میری بیٹی ہو آپ بے فکر رہیں،آپ میرے ساتھ چلیں میں بحیثیت بیٹی آپ کا خیال رکھوں گا۔

تھوڑی دیر بعد وہ راضی ہو گئی اور ہمارے ساتھ 30نومبر کو ہسپتال میں آگئی اس کے بعد ہم نے تقریبا تین سوا تین مہینے علاج کیا اور جب علاج مکمل ہوا تو میں نے اس کو بتایا کہ بیٹا آپ کا علاج مکمل ہو گیا ہے آپ مجھے اپنا گھر بتائیں تاکہ میں اپ کو باعزت طریقے سے آپ کے گھر پہنچا دوں ۔

لڑکی نے بتایاکہ میرا تو کوئی گھر نہیں ہے مجھے اپنے ساتھ ہی رکھیں اور میں اس چار دیواری میں رہوں گی کیونکہ باہر کا ماحول بہت گندا ہے اور اس ماحول میں دوبارہ چلی جاؤں تو پھر شاید میں نشے کی لت میں پڑ جاؤں اور غلط راہ پر چل پڑوں گی۔ اس کے بعد میں نے ان کے لیے اچھا سا رشتہ ڈھونڈا رشتہ ڈھونڈ کے اس کی شادی کروا دی اوراب وہ ہنسی خوشی اپنی زندگی گزار رہی ہے۔

مزید خبریں