اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسٹا گرام میں صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
اب میٹا کی فوٹو شیئرنگ ایپ میں مختصر ویڈیوز یا ریلز کو تیار کرنے کا عمل زیادہ بہتر اور دلچسپ ہو جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے فرسٹ ڈرافٹ نامی نیا ایڈیٹنگ ٹول ریلز ویڈیوز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ فیچر خودکار طور پر سلیکٹ ویڈیو کلپس کو ایڈٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یعنی وہ ان کا دورانیہ مختصر کر دے گا، غیر ضروری چیزوں کو نکال دے گا جبکہ اہم ترین لمحات کو اکٹھا کرکے ویڈیو کا پہلا ورژن تیار کرے گا۔
اس سے صارفین کو ویڈیو کا پہلے سے تیار شدہ آغاز مل سکےگا اور انہیں ہر کلپ کو ایڈٹ کرکے اسے حتمی شکل دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انسٹا گرام نے بتایا کہ فرسٹ ڈرافٹ ٹول ابتدائی ریل ویڈیو کو 10 سیکنڈ کے اندر تیار کر دے گا۔
ہوشیار! واٹس ایپ کے ذریعے فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آ گیا
یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے بہت زیادہ کارآمد ہوگا جن کے لیے ویڈیو ایڈیٹنگ سافٹ وئیر کا استعمال مشکل ہوتا ہے۔
یہ فیچر سب سے پہلے آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے اور اس تک رسائی انسٹا گرام کیمرا کے ذریعے یا ریلز گیلری سے متعدد ویڈیو کلپس منتخب کرنے سے ہوگی۔
اس فیچر سے انسٹا گرام سے باہر نکل کر ویڈیو ایڈٹ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔











