اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اورانسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو مختلف فیچرز استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صارفین کے مطابق فیس بک پر میسجز بھیجنے، پوسٹس شیئر کرنے اور دیگر سرگرمیوں میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے، جبکہ متعدد افراد نے شکایت کی ہے کہ پلیٹ فارم معمول کے مطابق کام نہیں کر رہا۔
دوسری جانب انسٹاگرام کے صارفین کو بھی لاگ اِن کرنے، فیڈ ریفریش ہونے اور دیگر فیچرز کے استعمال میں مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث دونوں پلیٹ فارمز پر صارفین کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
سروس میں خرابی کے بعد متعدد صارفین نے متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کا رخ کیا، جہاں انہوں نے فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے سے متعلق شکایات اور اپنے تجربات شیئر کیے۔ چند ہی لمحوں میں اس حوالے سے مختلف ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کرنے لگے۔
فیس بک کی مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلی، پاکستان میں ڈالر کمانا نسبتاً آسان ہونے کا امکان
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سروس میں خلل کی وجہ کیا ہے اور آیا یہ مسئلہ مخصوص علاقوں تک محدود ہے یا عالمی سطح پر صارفین کو متاثر کر رہا ہے۔
دوسری جانب فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان یا وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ صارفین کو امید ہے کہ کمپنی جلد تکنیکی خرابی دور کرکے دونوں پلیٹ فارمز کی سروس مکمل طور پر بحال کر دے گی۔
ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس نوعیت کی عارضی تکنیکی خرابیاں وقتاً فوقتاً پیش آتی رہتی ہیں، تاہم اگر مسئلہ طویل ہو جائے تو کمپنی کی جانب سے عموماً باضابطہ اپ ڈیٹ جاری کی جاتی ہے۔











