اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 220.720 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پشاور میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دوسری جانب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے جوتوں میں چھپائی گئی 312 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں واقع ایک کورئیر آفس میں برطانیہ سے آنے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 8 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
اےاین ایف کی کارروائیاں: 70 کروڑ کی منشیات برآمد، 15 ملزمان گرفتار
مزید کارروائی میں راولپنڈی کے علاقے منڈی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 15.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ادھر ضلع گوادر کے علاقے مکران کے قریب کارروائی کے دوران 200 کلوگرام چرس قبضے میں لے لی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











