اتوار,  23  اگست 2026ء
پاکستان بیت المال کی جانب سے خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کا افتتاح

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز میں زیرِ تربیت خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی دو روزہ نمائش کا افتتاح کر دیا۔

پاکستان بیت المال نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور النسا دستکاری اسکول کے اشتراک سے نمائش کا انعقاد 23 اور 24 اگست کو ایوانِ قائد، ایف-9 پارک اسلام آباد میں کیا ہے۔

تقریب میں پاکستان میں روانڈا کی سفیر، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر، مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی محنت، مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو صرف فنی تربیت دینا کافی نہیں بلکہ انہیں کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس پلیٹ فارمز سے بھی جوڑنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کے ملک بھر میں قائم 165 ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز سے اب تک چار لاکھ سے زائد خواتین تربیت مکمل کر چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری و نجی اداروں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے درمیان مؤثر شراکت داری کے ذریعے خواتین کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

روانڈا کی سفیر اور فرح ناز اکبر نے بھی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے پاکستان بیت المال کی کاوشوں کو سراہا اور ہنرمند خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

مزید خبریں