اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی اسلام آباد فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدر سہیل ملک، سینئر صحافی ساحل بٹ، ملک حامد اور ارشد گل نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے چیف آرگنائزر چوہدری ریاض سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل، صحافی برادری کے کردار اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چوہدری ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوری اقدار، عوامی حقوق اور اظہارِ رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور سچائی کو عوام تک پہنچانے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے صحافی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بھی میڈیا نمائندگان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور خطے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔سہیل ملک، ساحل بٹ، ملک حامد اور ارشد گل نے اس موقع پر کہا کہ صحافی برادری عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور جمہوری روایات کے استحکام کے لیے میڈیا اور سیاسی قیادت کے درمیان مثبت رابطے ناگزیر ہیں۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔











