اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے میلوڈی میں واقع نیب آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں بزرگ شہری، خواتین اور بچے شریک ہوئے۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنی رقوم کی واپسی، پلاٹس کا قبضہ دلانے اور مبینہ فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے مطالبات درج تھے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری کے طور پر لگائی، تاہم انہیں نہ تو پلاٹس کا قبضہ دیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق سوسائٹی انتظامیہ نے شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو سبز باغ دکھا کر اربوں روپے جمع کیے، جس کے باعث متعدد خاندان مالی اور ذہنی مشکلات کا شکار ہیں۔
نیب نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ریکارڈ ریکوری کرلی
احتجاج کی قیادت ڈاکٹر کاشف ریاض نے کی، جنہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ متاثرین کئی ماہ سے انصاف کے لیے دربدر ہیں لیکن اب تک کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو فوری رقوم واپس کی جائیں، الاٹ شدہ پلاٹس کا قبضہ دیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کو ملک گیر تحریک میں تبدیل کیا جائے گا۔











