اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز (PFUJ Workers) کے زیر اہتمام یومِ صحافت کے سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی و رہنما محترمہ فریدہ حفیظ کی گراں قدر صحافتی خدمات کے اعتراف میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صحافتی، سماجی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکاء نے تقریب کو صحافتی برادری کے لیے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین فوزیہ شاہد، ڈاکٹر سعدیہ کمال، راؤ فرقان، عابد عباسی، جاوید ملک، افتخار شیرازی، مظہر عارف، عائشہ مسعود، بشریٰ اقبال حسین، طاہر محمود، شاہد عثمانی، حسنہ خٹک، بشیر چوہدری، وفا چشتی،ماہین ملک ،تنزیلہ مظہر ،شعیب بھٹہ اور دیگر نے محترمہ فریدہ حفیظ کی طویل، باوقار اور اصولی صحافتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی ہمارے لیے ایک قیمتی اثاثہ اور زندہ تاریخ کی حیثیت رکھتے ہیں، جنہوں نے ہر دور میں سچ اور حق کی آواز کو بلند رکھا اور صحافت کی ساکھ کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
حافظ آباد: ڈسٹرکٹ پریس کلب یونین کی نومنتخب کابینہ کی پروقار حلف برداری تقریب
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے صحافیوں کو چاہیے کہ وہ بزرگ صحافیوں کے تجربات سے رہنمائی حاصل کریں اور صحافت کے اعلیٰ اصولوں کو اپنا شعار بنائیں تاکہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری، جرات اور غیر جانبداری کے ساتھ نبھا سکیں۔ مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ موجودہ دور میں صحافت کو درپیش چیلنجز، جن میں دباؤ، سنسرشپ اور معاشی مشکلات شامل ہیں، کا مقابلہ اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور سچائی کے ساتھ ہی ممکن ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں محترمہ فریدہ حفیظ نے کہا کہ پاکستان میں آزادیٔ اظہارِ رائے کو ہمیشہ مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا رہا ہے، تاہم اہلِ صحافت نے ہر دور میں دباؤ اور مشکلات کے باوجود اپنے فرائض منصبی نہایت ذمہ داری اور جرات کے ساتھ سرانجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کا بنیادی تقاضا سچائی، امانت اور عوامی مفاد کا تحفظ ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کی جانب سے صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال اور عہدیداران جاوید ملک اور ایوب برمی نے محترمہ فریدہ حفیظ کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں پھولوں کے گلدستے اور یادگاری تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صحافت کی آزادی، وقار اور پیشہ ورانہ اقدار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے، جبکہ سینئر صحافیوں کی خدمات کو اجاگر کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔











