هفته,  11 مئی 2024ء
گوجرانوالہ، غیرقانونی تعمیرات کی بھرمار نے شہر کے حسن کو گہنا دیا

گوجرانوالہ(دلشادعلی)گوجرانوالہ کی اہم اور بڑی مارکیٹوں ،سڑکوں میں لینڈ یوزر ایکٹ اور بلڈنگ بائی لاز کے برعکس غیرقانونی تعمیرات کی بھرمار نے شہر کے حسن کو گہنا دیا۔

پلازہ اور بلڈنگ مافیا نے بلڈنگ انسپکٹرسبحان کی ملی بھگت سے سوئی گیس روڈ،ڈی سی روڈ،کچافتومنڈ،ملک پارک،گلبرگ ٹاون،سول لائن،سیٹلائٹ ٹاون،گل روڈ،سیالکوٹ بائی پاس،اروپ اور دیگر تجارتی علاقوں میں کئی کئی منزلہ پلازے اور مارکیٹیں کھڑی کر لیں جن میں پارکنگ رکھی گئی ہے نہ بلڈنگ بائی لاز کا خیال، ان عمارتوں کے نقشے منظور کرانے کے لئے میونسپل کارپوریشن ایم او پی برانچ اور بلڈنگ انسپکٹر کا عملہ حصہ بقدر جثہ لیکر خاموش ہو چکا ہے جس کا نہ تو صوبائی حکومت نوٹس لے رہی ہے نہ کمشنراور ڈی سی او گوجرانوالہ نے کوئی نوٹس لیا ہے۔

سروے کے مطابق سوئی گیس روڈ قبرستان کے قریب کمرشل بلڈنگ ،معافی والاچوک میں تین منزل پلازہ،سیاکوٹ بائی پاس پر چار کنال کا کالج،کچافتومنڈروڈقبرستان کے سامنے کمرشل دوکانیں بغیر نقشہ منظوری،بغیر کمرشل فیسوں کے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کر کے بلڈنک انسپکٹر سبحان کی سرپرستی میں غیر قانونی طور پر تعمرات کروائیں گیئں اور اکثر کام جاری ہیں۔

شہریوں کی اکثریت نے الزام لگایا ہے کہ غیر قانونی اور بغیرنقشوں کے ساتھ جتنی عمارتیں موجودہ بلڈنگ انسپکٹر کے دور میں تعمیر کی جا رہی ہیں پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔

علاقے کے معززین مہر اقبال،حافظ عبداللہ اور شاہدنے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ بائی لازکی عوام کو آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے عام آدمی کے کروڑوں روپے کی پراپرٹیز قانونی بائی لاز کیمطابق نہ رہی ہیں۔

تاجر احمد بٹ کا کہنا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کے فقدان میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹر سبحان کی طمع نفسانی اور رشوت کی وجہ سے شہر میں غیرقانونی تعمیرات ہو رہی ہیں، شہر میں بنے ہوئے اور نئے بننے والے ہر پلازے اور مارکیٹ کی سالانہ انسپکشن ہونی چاہئے ۔

بلڈنگ میٹریل کا کاروبار کرنیوالے عارف حسن نے کہا کہ بلڈنگ انسپکٹرکے عملے کی ملی بھگت کے بغیر شہر میں کوئی غیر قانونی عمارت نہیں بن سکتی۔

شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں اور زمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News