واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ جنگ کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں۔ امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فیوچر مارکیٹ کے رجحانات بھی اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 100 ڈالر کے قریب پہنچ گئی
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت جاری رہے گی اور ایران کو اس راستے سے ٹول کی صورت میں زیادہ آمدنی حاصل نہیں ہوتی۔ دوسری جانب عالمی تیل تنظیم اوپیک پلس کے سات رکن ممالک نے تیل کی پیداوار میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی علیحدگی کے بعد ہونے والے اجلاس میں یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ جون سے نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی رسد بڑھنے اور قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔











