اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے موسم سرما سے قبل صحت سے متعلق تین ایڈوائزریز جاری کردیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے موسمی فلو، اسموگ اور ویکسین سے بچاؤ کی بیماریوں سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سردیوں میں شدید اسموگ، موسمی فلو اور ویکسین سے بچاؤ کی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق خسرہ، ڈفتھیریا، کالی کھانسی اور تشنج جیسی بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خطرہ ہے۔
این آئی ایچ نے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کو ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے، ویکسی نیشن کوریج میں کمی دور کرنے کے لیے معمول اور کیچ اپ امیونائزیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
برطانوی وزیر صحت کی پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار
ادارے نے بیماریوں کی بروقت تشخیص، لیبارٹری تصدیق اور یکساں طبی علاج یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے موسم سرما میں مریضوں کی متوقع تعداد میں اضافے کے پیش نظر اسپتالوں کو مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
این آئی ایچ نے عوام میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم چلانے، صحت کے اداروں اور متعلقہ حکام کو حفاظتی اقدامات فوری نافذ کرنے اور شدید اسموگ کے باعث سانس اور دل کی بیماریوں کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔











