ڈی پی او آفس حافظ آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کے خصوصی احکامات پر قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد کی سربراہی میں تین خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی، کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) کے تجزیے اور انسانی ذرائع سے معلومات حاصل کرکے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کیا۔
آر پی او کے مطابق ملزمان واردات کے بعد خیبرپختونخوا فرار ہوگئے تھے، تاہم حافظ آباد پولیس نے تعاقب جاری رکھتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران مقتول کے ذاتی محافظ بھی مبینہ طور پر قتل اور ڈکیتی کی منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے۔
پشاور میں شادیوں پر ہوائی فائرنگ کیخلاف پولیس کریک ڈاؤن، 6 دلہوں سمیت 13 ملزمان گرفتار
خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے بتایا کہ ملزمان واردات کے بعد مسروقہ سامان فروخت کرکے بیرون ملک فرار ہونے کا منصوبہ بنا رہے تھے، جبکہ گرفتار ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے اور وہ سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔
انہوں نے ڈی پی او فواد احمد، ایس پی انویسٹی گیشن اظہر سعید منج اور خصوصی تفتیشی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قلیل وقت میں ملزمان کی گرفتاری اور قیمتی گاڑیوں سمیت مسروقہ سامان کی برآمدگی پولیس کی اہم کامیابی ہے۔
آر پی او نے واضح کیا کہ چوتھے ملزم کی گرفتاری اور تمام مسروقہ سامان کی برآمدگی تک پولیس کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچا کر گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔











