پیر,  23 نومبر 2026ء
کبابش آرٹس کونسل جدہ کے زیرِ اہتمام محفلِ اقبال و تقریبِ رونمائی کتاب ’’ایمان افروز‘‘

افروز رضوی کی تیسری نعتیہ تصنیف کی رونمائی، اہلِ ادب کی شرکت اور فکرِ اقبال پر علمی و ادبی گفتگو

جدہ (روشن پاکستان نیوز ) خلیجی ممالک میں اردو ادب کی تاریخ رقم ہوگی تو عروس البلاد جدہ کی ادبی و ثقافتی سرگرمیاں مؤرخ کی توجہ کا مرکز رہیں گی اور جدہ کے ادبی منظرنامے میں کبابش آرٹس کونسل کا ذکر ناگزیر ہوگا۔ گزشتہ چار دہائیوں سے یہ ادارہ اردو ادب اور پاکستانی ثقافت کی ترویج و ترجمانی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

اسی ادبی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے کبابش آرٹس کونسل جدہ کے زیرِ اہتمام معروف شاعرہ، براڈکاسٹر، افسانہ نگار اور ڈرامہ رائٹر محترمہ افروز رضوی کی تیسری نعتیہ کتاب ’’ایمان افروز‘‘ کی تقریبِ رونمائی اور یومِ اقبال کی مناسبت سے ایک شاندار ادبی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ افروز رضوی عمرہ کی ادائیگی کے لیے کراچی سے جدہ تشریف لائی تھیں۔ تقریب کا اہتمام معروف ادیب، براڈکاسٹر، محقق، مقرر اور ناظمِ تقریبات محمد اشفاق بدایونی کی وساطت سے ممکن ہوا۔

تقریب کی صدارت محمد اشفاق بدایونی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی افروز رضوی اور مہمانِ اعزاز معروف شاعر و صدر اردو مرکز جدہ اطہر نفیس عباسی تھے۔ میزبان کی حیثیت سے کبابش آرٹس کونسل جدہ کے چیئرمین اور ینگ انویسٹرز فورم کے صدر ملک علی خورشید سلطان اسٹیج پر موجود تھے۔ نظامت کے فرائض کبابش آرٹس کونسل کے صدر اور معروف شاعر آفتاب ترابی نے انجام دیے۔

محفل میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کبابش پنک کلب کی صدر ام عبدالرحمن کی قیادت میں خواتین کی بھرپور شرکت بھی نمایاں رہی۔ شرکائے محفل میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، انویسٹر فورم کے جنرل سیکریٹری عبدالخالق لک، ہیرو کمپنی کے سی ای او ملک عادل خورشید، او پی وی جی کے سربراہ گل شہزاد جدون، ’’ابھی کچھ لوگ باقی ہیں‘‘ کے روحِ رواں اویس بھٹی اور عقیل آرائیں سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

تقریب کے پہلے حصے کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت محمد نواز جنجوعہ نے حاصل کی، جبکہ حافظ عبدالحنان نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ معروف گلوکار فخر عدنان چوہان نے موسیقی کے ساتھ کلامِ اقبال پیش کرکے سامعین سے بھرپور داد حاصل کی۔ بعدازاں آفتاب ترابی کی فرمائش پر محمد نواز جنجوعہ نے علامہ اقبال کا نعتیہ کلام پیش کیا اور محفل کو روحانی کیفیت سے ہمکنار کردیا۔

مجلسِ اقبال کے سابق روحِ رواں اور معروف شاعر و عربی زبان کے استاد خورشید رضوی کے فرزندِ ارجمند عامر خورشید رضوی نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت اور فکر پر ایک جامع اور پرمغز مقالہ پیش کیا۔ مہمان شاعرہ افروز رضوی نے اقبال کی زمین میں لکھی اپنی غزل سنائی، جبکہ آفتاب ترابی نے اپنی نظم ’’خواب اور اقبال‘‘ کے منتخب بند پیش کیے۔

تقریب کے دوسرے حصے میں محمد اشفاق بدایونی نے افروز رضوی کی نعتیہ تصنیف ’’ایمان افروز‘‘ کی رونمائی کی اور شاعرہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد مشاعرے کا آغاز شاعر فیصل طفیل نے کیا، جنہوں نے اپنے خوبصورت کلام سے داد سمیٹی۔ نظم کے معروف شاعر فاروق مونس نے اپنی نظم پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ آفتاب ترابی نے بھی اپنا کلام سنایا، جبکہ مہمانِ اعزاز اطہر نفیس عباسی نے نعتیہ اور غزلیہ اشعار سے محفل کو خوبصورت رنگ عطا کیا۔

مہمان شاعرہ افروز رضوی نے اپنے نعتیہ اور غزلیہ کلام سے سامعین کے دل موہ لیے۔ صاحبِ صدر محمد اشفاق بدایونی نے فلسفۂ اقبال پر سیر حاصل گفتگو کی اور کتاب ’’ایمان افروز‘‘ پر عمدہ تبصرہ کرتے ہوئے مصنفہ کی ادبی کاوش کو سراہا۔

محمد اشفاق بدایونی کی تین کتب ’’یارانِ نکتہ داں کے لیے‘‘، ’’عابد اسکوائر‘‘ اور ’’مثال کے طور پر‘‘ منظرِ عام پر آچکی ہیں۔ اردو زبان پر ان کی غیرمعمولی دسترس اور اظہار کی شگفتگی محفلوں کو علمی و ادبی وقار عطا کرتی ہے۔ ان کی گفتگو میں الفاظ و معانی کی روانی سامعین کے لیے ایک دلنشیں تجربہ بن جاتی ہے۔

اختتام پر کبابش آرٹس کونسل کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے تمام مہمانوں اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپنے والدِ مرحوم ملک خورشید سلطان کے لگائے ہوئے ادبی و ثقافتی پودے کی آبیاری کا سلسلہ جاری رہے گا اور کبابش آرٹس کونسل اردو ادب و پاکستانی ثقافت کی خدمت اسی جذبے سے کرتی رہے گی۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے اس حقیقت کو ایک بار پھر اجاگر کیا کہ بیرونِ وطن بھی اردو ادب سے محبت کرنے والے دل آج تک زندہ اور متحرک ہیں۔ محفل کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف عشائیہ سے تواضع کی گئی۔

مزید خبریں