لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن (پی ایس جے ایف) نے کھیلوں کے صحافیوں میں صحت مند سرگرمیوں، باہمی اتحاد اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر نے کہا ہے کہ اسپورٹس جرنلسٹس کھیلوں کی کوریج اور فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم عملی طور پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے کر بھی مثبت مثال قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی کرکٹ ٹیم میں باصلاحیت اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے صحافیوں کو شامل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد کھیلوں کے صحافیوں کے درمیان بھائی چارے، باہمی روابط اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
محمد اقبال ہارپر کے مطابق ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، جبکہ ٹیم مستقبل میں دوستانہ کرکٹ میچز اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھی حصہ لے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی عملی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی اپنا کردار جاری رکھے گی۔











