کابل(محب) افغانستان پریمیئر لیگ کی فرنچائزز کی خریداری کے حوالے سے ایک بڑا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ لیگ کے منتظمین کے مطابق دنیا کے معروف ارب پتی کاروباری شخصیات ایلون مسک اور جیف بیزوس افغانستان پریمیئر لیگ کی ٹیمیں خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایلون مسک اور جیف بیزوس کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق مالکان گلیزر فیملی اور بھارتی کاروباری گروپ اڈانی گروپ کا نام بھی ممکنہ سرمایہ کاروں میں شامل ہے۔
سری لنکا کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ دورۂ پاکستان کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا
افغانستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان پریمیئر لیگ کی فرنچائزز کی فروخت کے لیے عالمی سرمایہ کاروں اور بڑے اسپورٹس بزنس گروپس کو دعوت دی تھی۔ لیگ کی بحالی کے ساتھ افغانستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید کمرشل بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کابل، بلخ اور قندھار کی تین فرنچائزز فروخت ہوچکی ہیں، جبکہ باقی ٹیموں کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
افغانستان پریمیئر لیگ کے نئے ایڈیشن میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور ٹورنامنٹ 27 دسمبر 2026 سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
تاہم اہم بات یہ ہے کہ ایلون مسک یا جیف بیزوس کی جانب سے کسی افغان پریمیئر لیگ فرنچائز کی خریداری میں دلچسپی کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ اس لیے فی الحال یہ خبر لیگ منتظمین کی جانب سے سامنے آنے والے دعوے تک محدود ہے۔











