مانسر شریف (روشن پاکستان نیوز) حضرت کلو بابا سرکارؒ کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کے سلسلے میں روایتی نیزہ بازی کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز ہوگیا، جو عرس کے تینوں روز جاری رہیں گے۔ نیزہ بازی کے مقابلوں میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ماہر نیزہ بازوں نے حصہ لیا اور اپنی مہارت کے جوہر دکھائے۔اس موقع پر خادمِ دربار شریف حضرت امام بری سرکارؒ و دربار حضرت کلو بابا سرکارؒ راجہ سرفراز اکرم کی قیادت میں راجہ امتیاز جنجوعہ، راجہ شہزاد جنجوعہ، راجہ ایاز جنجوعہ، راجہ ریاض جنجوعہ، عمر قدوسی، وسیم عباس، سید اسرار حسین شاہ سمیت عقیدت مندوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے نیزہ بازی کے مقابلے دیکھے۔ماہر نیزہ بازوں نے گھوڑوں پر سوار ہوکر نیزہ بازی کے مختلف کرتب اور نشانہ بازی کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، جس پر شائقین نے بھرپور داد دی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ مقابلوں کے دوران روایتی کھیل کے خوبصورت مناظر نے عرس کی تقریبات کو مزید پرجوش اور یادگار بنا دیا۔اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ نیزہ بازی خطے کی قدیم ثقافتی اور روایتی کھیلوں میں سے ایک ہے، جسے عرس کی تقریبات کا حصہ بنا کر نہ صرف اس روایت کو زندہ رکھا جا رہا ہے بلکہ نوجوان نسل کو بھی اپنی ثقافت اور روایات سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔ عرس کے باقی دونوں روز بھی نیزہ بازی کے مقابلے جاری رہیں گے، جنہیں دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔











