بدھ,  16  ستمبر 2026ء
جوان افراد میں کینسر تیزی سے پھیلنے کی ایک اہم ترین وجہ دریافت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کچھ سال قبل تک کینسر کو عموماً بوڑھے افراد کا مرض خیال کیا جاتا تھا، یعنی عمر میں اضافے کے ساتھ اس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

مگر حالیہ برسوں میں جوان افراد میں اس جان لیوا مرض کا پھیلاؤ بڑھ گیا ہے۔

مگر اب تک واضح نہیں کہ آخر جوان افراد (50 سال سے کم عمر) میں کینسر کی مختلف اقسام تیزی سے کیوں پھیل رہی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی ایک تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ آخر وہ کیا وجوہات ہیں کہ جن کے باعث جوان افراد میں کینسر کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اس تحقیق میں ایسے شواہد دریافت کیے گئے جن سے عندیہ ملتا ہے کہ موجودہ عہد کی نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کی حیاتیاتی عمر زیادہ تیزی سے بڑھتی ہے۔

خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔

جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جوان افراد کی حیاتیاتی عمر ماضی کی نسلوں سے تعلق رکھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھتی ہے۔

ماہرین ابھی بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر جوان افراد میں یہ تبدیلیاں کیوں آرہی ہیں۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافے سے جوان افراد میں کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق کے مطابق حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافے سے خلیات، اعضا، میٹابولزم اور دیگر جسمانی سسٹمز میں تبدیلیاں آتی ہیں۔

محققین نے بتایا کہ حیاتیاتی اور اصل عمر کے درمیان فرق بڑھنے سے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

پمز کی نگرانی کیلئے وزیر صحت نے اہم فیصلہ کرلیا

انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے کسی حد تک وضاحت ہوتی ہے کہ جوان افراد میں کینسر کیسز کی شرح میں تیزی سے کیوں بڑھ رہی ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عمر میں اضافے کے اثرات جسم کے ہر عضو پر یکساں انداز سے اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

درحقیقت حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافہ ان اعضا میں زیادہ ہوتا ہے جن کو اکثر کینسر سے منسلک کیا جاتا ہے۔

اسی ٹیم نے ماضی میں مختلف تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا تھا کہ متعدد عناصر کسی فرد میں کینسر کے خطرے کا باعث بنتے ہیں۔

کسی فرد کا جسمانی وزن، میٹابولک افعال میں تنزلی، الکحل کا استعمال، زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا اور نقصان دہ غذاؤں کا استعمال کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

اس تحقیق میں ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور ان کا موازنہ 10 ہزار افراد کے ایک اور گروپ کے ڈیٹا سے کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پہلے گروپ میں شامل جوان افراد کی حیاتیاتی عمر معمر افراد کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھی۔

اسی طرح دوسرے گروپ میں یہ فرق زیادہ نمایاں نظر آیا، خاص طور پر 1990 سے 1999 کے دوران پیدا ہونے والے افراد کی حیاتیاتی عمر میں اضافے کی شرح 1965 سے 1969 کے درمیان پیدا ہونے والوں کے مقابلے میں 92 فیصد زیادہ تھی۔

مزید تجزیے سے علم ہوا کہ حیاتیاتی عمر میں اضافے سے جوانی میں کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 8 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر پھیپھڑوں اور نظام ہاضمہ سے جڑی کینسر کی اقسام کا خطرہ زیادہ بڑھتا ہے۔

مزید خبریں