هفته,  22  اگست 2026ء
غیر قانونی کچرا پھینکنے والوں سے صفائی کے اخراجات وصول کیے جائیں گے، برطانوی وزیراعظم

بریڈفورڈ (روشن پاکستان نیوز): وزیراعظم اینڈی برنہم نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے والے افراد اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی کچرے کی صفائی پر آنے والے اخراجات بھی ذمہ دار افراد سے وصول کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے یہ اعلان ویسٹ یارکشائر میں ایک غیر قانونی کچرے کے ڈمپ کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے بریڈفورڈ ویسٹ سے رکن پارلیمنٹ ناز شاہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حلقے کو درپیش اہم مسائل، بالخصوص غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ اور رات گئے آتش بازی سے پیدا ہونے والے شور اور عوامی خلل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ناز شاہ نے وزیراعظم کو اپنے حلقے کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے غیر قانونی کچرے کے خلاف مؤثر اور فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے رات گئے ہونے والی آتش بازی کا معاملہ بھی اٹھایا، جس کے باعث متعدد علاقوں میں شہریوں کو شور، نیند میں خلل اور دیگر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

آتش بازی کے مسئلے پر ناز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو مسلسل حکومت کے سامنے اٹھاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی اپنے حلقے کے عوام کی آواز مؤثر انداز میں بلند کرتی رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے آتش بازی اور پائروٹیکنکس سے متعلق جاری مشاورت میں حصہ لیں اور اپنے تجربات و آراء حکومت تک پہنچائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم اینڈی برنہم نے بتایا کہ حکومت نے ویسٹ کرائم کے خلاف زیادہ مربوط حکمت عملی اختیار کی ہے، جس کے تحت نیشنل کرائم ایجنسی کو ماحولیاتی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے شامل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق غیر قانونی کچرے کے بعض بڑے واقعات کے پیچھے منظم جرائم پیشہ گروہ ملوث ہیں۔ نیشنل کرائم ایجنسی ان گروہوں اور ان کے نیٹ ورکس سے متعلق انٹیلی جنس جمع کرنے اور ذمہ دار افراد تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اینڈی برنہم نے کہا کہ تحقیقات سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت ان سے غیر قانونی کچرے کی صفائی کے اخراجات بھی وصول کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ قابل قبول نہیں کہ غیر قانونی کچرے کا مسئلہ بڑھتا رہے اور اس کی صفائی کا مالی بوجھ عوامی خزانے پر ڈال دیا جائے۔ حکومت کا مقصد ہے کہ غیر قانونی کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ابتدائی مرحلے ہی میں کارروائی کی جائے اور انہیں اپنے عمل کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا واضح اصول ہے کہ آلودگی پھیلانے والا ہی صفائی کے اخراجات ادا کرے۔

برطانیہ نے کویت کے لیے سفری انتباہ ختم کر دیا

بریڈفورڈ ویسٹ میں غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ اور رات گئے آتش بازی مقامی آبادی کے لیے اہم مسائل بن چکے ہیں۔ وزیراعظم اور ناز شاہ کے درمیان ملاقات میں ان معاملات پر بات چیت سے توقع کی جا رہی ہے کہ مقامی سطح پر ان مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔

مزید خبریں