جمعه,  21  اگست 2026ء
ریاض میں پاکستانی ورکرز کے اعزاز میں پروقار تقریب، محمد عاصم چوہدری کا خراجِ تحسین

ریاض(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب میں معروف نوجوان پاکستانی کاروباری شخصیت محمد عاصم چوہدری کی جانب سے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی ورکرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کی اہم شخصیات سمیت پاکستانی ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاصم چوہدری نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ورکرز کی محنت، صلاحیتوں اور مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز شب و روز محنت کرکے نہ صرف اپنے اور اپنے خاندانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ وطنِ عزیز کی معیشت میں بھی اہم حصہ ڈال رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ورکرز کو حرمین شریفین سے دلی وابستگی ہے اور وہ سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ دیارِ غیر میں محنت کرنے والے پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھ کر اپنے پن کا احساس محسوس کر سکیں۔

محمد عاصم چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کی ترقی اور فلاح کے لیے باہمی تعاون اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ورکرز مزید بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھ سکیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی ورکرز میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں