اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کے لیے عدالتی حکم کی پابند ہے۔
انہوں نے کہا عمران خان کا علاج سرکاری اسپتال میں نہ ہو تو شفا انٹرنیشنل اسپتال بھیجیں گے، بانی پی ٹی آئی کے بیرون ملک جانے کا فیصلہ بھی ہوسکتا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ایوان میں کہا تھاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کریں گے، سپریم کورٹ سے رجوع صرف اس لیے کیا تھاکہ وضاحت مل جائے کہ یہ فیصلہ صرف ایک قیدی کے لیے ہے یا ملک کے تمام دیگر قیدیوں کیلئے بھی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت کے پاس بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے چند گھنٹے باقی ہے، حکم نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی فیصلے کےخلاف حکومتی درخواست اعتراض لگا کر واپس
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے آج کا دن فیصلہ کن قرار دے دیا، کہا کہ حکومت عدالتی حکم پر نظر ثانی کی درخواست واپس لے چکی ہے، اب اس کے پاس بانی کی اسپتال منتقلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
اس سے پہلے رجسٹرار سپریم کورٹ نے بانی کی اسپتال منتقلی کے حکم کے خلاف نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی، ذرائع کے مطابق اعتراضات دور کرکے نئی درخواست آج ہی دائر ہونے کا امکان ہے۔











