اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد پولیس کے تھانہ کراچی کمپنی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس ملازم اور سرکاری اہلکار بن کر شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے دو سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی ندیم طاہر کی زیر نگرانی کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایسے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو جعلی پولیس اور سرکاری اہلکار بن کر مختلف علاقوں میں شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایک وائرلیس سیٹ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔











