ریاض(روشن پاکستان نیوز ): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے درمیان سعودی عرب کے شہر جدہ میں جدید ترین بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے لیے تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کرکٹ کے فروغ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور باہمی تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے سربراہ شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود سے ملاقات کی، جس میں کرکٹ انفراسٹرکچر، تکنیکی تعاون اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔ معاہدے کے تحت پی سی بی جدہ میں ایک ایسا جدید کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرے گا جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے معیار کے مطابق ہوگا۔
مجوزہ سٹیڈیم میں کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، شائقین اور براڈکاسٹنگ کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پی سی بی اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن انفراسٹرکچر کی ترقی، تکنیکی مہارت، سٹیڈیم کی منصوبہ بندی اور آپریشنل معیار سمیت منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
اس منصوبے کا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار بنیاد فراہم کرنا ہے، جس سے مملکت مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچوں، علاقائی ٹورنامنٹس اور بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے قابل ہو سکے گی۔
یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق کھیلوں میں سرمایہ کاری، سپورٹس ٹورازم، عوامی شمولیت اور معیار زندگی میں بہتری کے منصوبوں کو بھی تقویت دے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے یہ معاہدہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ادارے مل کر ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو کرکٹ کو مزید مضبوط بنائے گی اور دونوں ممالک کے کھیلوں کے حلقوں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔











