بدھ,  01 جولائی 2026ء
رسجا الیکشن : ابوبکر صدر، امبرین علی سیکرٹری، ناصر نقوی فنانس سیکرٹری منتخب

افضل بٹ، رزاق سیال، فرقان راو، عابد عباسی اور دیگر کی مبارکبادیں

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی الیکشن کمیٹی نے آٸندہ مدت 27-2026 کیلٸے نٸی قیادت کا اعلان کردیا، انتخابات میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ رسجاانتخابی عمل الیکشن کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان کی سربراہی میں مکمل ہواجبکہ رانا فرحان اسلم، شاکر عباسی اور عاصم جیلانی الیکشن کمیٹی کے ارکان تھے۔ الیکشن کمیٹی نے انتخابی عمل کی نگرانی کے بعد باضابطہ طور پر نتائج کا اعلان کیا۔ ابوبکر بن طلعت مسلسل دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے، جبکہ ذوالفقار بیگ سینئر نائب صدر منتخب ہوئے۔ زاہد اعوان اور اصغر علی مبارک نائب صدور، عمبرین علی جنرل سیکرٹری، ذیشان قیوم سینئر جوائنٹ سیکرٹری، اویس لطیف اور عقیل انجم جوائنٹ سیکرٹریز، جبکہ ناصر عباس نقوی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔ گورننگ باڈی کے لیے فہیم انور خان، گیبریل ڈی سوزا، اویس عباسی، کرن خان اور عاصم ریاض بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔اس موقع پر نومنتخب صدر ابوبکر بن طلعت اور جنرل سیکرٹری عمبرین علی نے رسجا کے تمام اراکین کا اظہارِ اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی منتخب قیادت ایسوسی ایشن کی پیشہ ورانہ روایات، اتحاد، شفافیت اور وقار کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رسجا کو ملک میں اسپورٹس جرنلزم کے فروغ، پیشہ ورانہ اخلاقیات کے استحکام اور صحافیوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فعال اور مؤثر ادارہ بنانے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، سابق صدر پریس کلب طارق چوہدری ، سیکرٹری پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن نوید اکبر سمیت سینئر صحافیوں اور میڈیا نمائندگان نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت رسجا کو مزید مضبوط، فعال اور مؤثر بناتے ہوئے اسپورٹس جرنلسٹس کے حقوق کے تحفظ اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے گی۔

مزید خبریں