راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی ‘فتنہ الہندوستان’ کے ایک خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو بلوچستان کے خاران اور مستونگ اضلاع میں دو تیز رفتار انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں،جن کا مقصد بھارتی پراکسیز اور دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی مہم کے تحت جاری ان آپریشنز میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 25 جون کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس اطلاعات پر دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی، موثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
دوسرے آپریشن میں 26 جون کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خودکش بمبار کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران مؤثر کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد، ایک خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن جا ری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن “عزم استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا جنوبی لبنان سے فوجیں واپس نہ بلانے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے خاران اورمستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسزکو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا بہادر سیکیورٹی فورسز نے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، فتنہ الہندستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کے دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی۔











