اتوار,  21 جون 2026ء
پی ایس این کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کیمبرج اسکول بارہ کہو میں منعقد

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک (PSN) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) کا اہم اجلاس کیمبرج اسکول، بارہ کہو میں منعقد ہوا، جس کی میزبانی بارہ کہو زون کے صدر جناب اعظم خان نے کی۔

اجلاس کی صدارت ڈاکٹر عبدالرؤف بھٹہ اور مرکزی صدر جناب مقبول حسین ڈار نے کی، جبکہ اجلاس کی کارروائی مرکزی جنرل سیکریٹری جناب امتیاز خان نے انجام دی۔

اجلاس میں پی ایس این کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور تمام زونز کے زونل صدور نے بھرپور شرکت کی اور تعلیمی شعبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

اجلاس کے دوران فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) اور پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (PEIRA) سے متعلق مسائل، موسمِ گرما کی تعطیلات اور پی ایس این کی مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی و پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے باہمی مشاورت کے ذریعے متعدد تجاویز پیش کیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کو درپیش چیلنجز کے حل اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر سینئر نائب صدر چوہدری محمد ارشد نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کی فعال شرکت، تعاون اور تنظیمی وابستگی کو سراہا اور اتحاد، ہم آہنگی اور اجتماعی جدوجہد کی اہمیت پر زور دیا۔

پی ایس این کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے مؤثر حل، تعلیمی معیار کی بہتری اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مضبوط رابطہ کاری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

مزید خبریں