لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب بار کونسل کے وفد نے صوبائی وزیر اور وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات کی، جس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش قانونی مسائل، انصاف تک آسان رسائی اور فوری حل کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان، سیکرٹری رفاقت علی سوہل اور دیگر وکلاء شریک تھے۔
بیرسٹر امجد ملک نے وفد کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات اور تعاون سے صوبے کے تمام 37 اضلاع میں اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں جبکہ 37 ججز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو تیز رفتار انصاف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی منظوری سے خصوصی عدالتوں کیلئے ججز کی تعیناتی ممکن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے خصوصی قانون سازی ایک اہم اقدام ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران پنجاب بار کونسل کے نمائندوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے تحت تمام اضلاع کی خصوصی عدالتوں میں وکلاء اور قانونی معاونتی اداروں کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو بروقت قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔
وفد نے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر بیرسٹر امجد ملک نے پنجاب بار کونسل کے وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور انہیں برطانیہ کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں فوری قانونی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔











